سید علی گیلانی بھارتی بربریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے: بلاول بھٹو

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی مرحوم بھارتی بربریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے رہے۔

سید علی گیلانی مرحوم کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی مرحوم کو ان کی تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، سید علی گیلانی نےکشمیریوں کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا۔

انہوں نے کہا کہ آزادی جیسے بنیادی انسانی حقوق کیلئے سید علی گیلانی کی جدوجہد اور غیرمتزلزل عزم مشعل راہ ہے، تصفیہ طلب تنازع کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن و استحکام اور ترقی خطرے میں ہے۔

سابق وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالنے میں پنہاں ہے،پیپلز پارٹی کشمیریوں کی جدوجہد برائے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت کرتی رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں