لاہور: مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 4 نوجوان جاں بحق

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران چار نوجوان جاں بحق جبکہ میاں بیوی سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں سول لائنز مال روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے نوجوان کو کچل دیا جو موقع پر جاں بحق ہوگیا، سول لائنز ہی کے علاقے میں تیز رفتار موٹر سائیکل درخت سے ٹکرانے کے باعث 2 دوست جان سے چلے گئے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ حسنین اور 27 سالہ سلیمان کے نام سے ہوئی۔

سول لائنز کے علاقے میں ہی تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم فیروز پور روڈ پر بس نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا جو موقع پر ہی دم توڑ گیا، جاں بحق 16 سالہ نوجوان کی شناخت میر ولد ندیم عمر کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب کاہنہ میں رکشہ اور موٹر سائیکل میں ٹکر سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں عبدالرحمان نامی شخص اپنے بھتیجے علی اور زین کے ساتھ قصور بابا بلھے شاہؒ کے عرس سے واپس آ رہا تھا کہ ایل ڈی اے گول چکر گجومتہ کے قریب تیز رفتار رکشہ نے ٹکر مار دی۔

حادثے میں تین موٹرسائیکل سوار زخمی ہوگئے جنہیں انڈس ہسپتال کاہنہ منتقل کر دیا گیا، واقعہ کے بعد رکشہ ڈرائیور رکشہ سمیت موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں