پارلیمنٹ سے گرفتاریاں سنگین معاملہ، حکومت تعین کرے نقاب پوش کون تھے: علی محمد خان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتاریاں بہت سنگین معاملہ ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ آئی جی نے کہا پارلیمنٹ کے اندر پولیس اہلکار نہیں آئے، آئی جی نے کہا پارلیمنٹ کے باہر سے اراکین کو گرفتار کیا، پارلیمنٹ کے باہر سے تین ممبران گرفتار ہوئے، اصل معاملہ دس ممبران کا پارلیمنٹ کے اندرسے اغوا ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ نقاب پوش کون تھے اس کا تعین کرنا وفاقی حکومت کا کام ہے، جمہوریت میں جدوجہد اور بات چیت بھی ہوتی ہے، پارلیمنٹ سے گرفتاریاں استعفوں سے زیادہ اہم بات ہے کون لوگ تھے جنہوں نے اندر آکر گرفتارکیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے، مسائل کا حل نکالے، سچ بولے بغیر مفاہمت نہیں ہوسکتی، سچ بولنا پڑے گا۔