این اے 171 میں پیپلزپارٹی کی فتح مثبت سیاست کی ابتدا ہے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کےسینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ این اے 171 پر پیپلز پارٹی کی تاریخی جیت پاکستان میں ایک نئی اور مثبت سیاست کی ابتدا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ این اے 171 رحیم یار خان کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہوئی، کل ہونے والے انتخابات میں کسی کو بھی فارم 45 اور فارم 47 کی بنیاد پر الزام تراشی کا موقع نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ این اے 171 میں پیپلزپارٹی کی جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب کے عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نظریے اور بیانیے کی تائید کی ہے، بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی ملک بھر میں نفرت، تقسیم اور الزام تراشیوں کی سیاست کو دفن کر دے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت چاہتی ہے ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لئے سب مل کر کردار ادا کریں، این اے 171 پر پیپلز پارٹی کی تاریخی جیت پاکستان میں ایک نئی اور مثبت سیاست کی ابتدا ہے، یہ جیت پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن، قیادت اور عوام نواز پالیسیوں کی واضح توثیق ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ رحیم یار خان کے عوام نے ایک بار پھر تیر پر اعتماد کیا ہے جو امید، ترقی اور جمہوریت سے وابستگی کی علامت ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی عام آدمی کے حقوق کی پاسداری اور پسماندہ طبقات کی بہتری کے لیے انتھک محنت کرتی رہی ہے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی متحرک قیادت میں ہم مل کر پاکستان کو مزید خوشحال اور انصاف پسند قوم بنانے کا سفر جاری رکھیں گے، پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی، ترقی، استحکام اور سب کے روشن مستقبل کے لیے کوشاں رہے گی۔