آصف زرداری اور ترکیہ پارلیمنٹ کے سپیکر کی ملاقات، ریل روابط بہتر بنانے پر زور
اشک آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے ترکیہ کی پارلیمنٹ کے سپیکر نے ملاقات کی، صدر مملکت کا پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریل روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون، عوامی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا، صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے، وفود کے تبادلوں پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت آصف زرداری کی ترکمانستان کی قیادت سے ون آن ون ملاقاتیں
آصف علی زرداری نے کہا کہ ترکیہ پاکستان اور مسلم دنیا کا عظیم اور مخلص دوست ہے، ترکیہ مسلم امہ کو درپیش مسائل پر اصولی موقف اختیار کرتا، ناانصافی کے خلاف آواز اٹھاتا آیا ہے، اجلاس میں فلسطین اور لبنان کی سنگین انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ترکیہ ایک اقتصادی طاقت بننے کے راستے پر گامزن ہے، آصف علی زرداری نے ترکیہ کی کامیابی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلم دنیا کی جانب سے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔