ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ خطرناک اشتعال انگیزی ہوگی: روس کا انتباہ
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ ایک انتہائی خطرناک اشتعال انگیزی ہوگی۔
تل ابیب پر ایرانی میزائل حملے کے 10 دن بعد دونوں فریقوں کے درمیان ردعمل کے حوالے سے دھمکیوں کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے، اس کشیدگی کے درمیان روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر کوئی بھی حملہ خطرناک اشتعال انگیزی ہو گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاوروف نے کہا کہ روس بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے جائزوں پر مبنی کام کررہا ہے جس میں ایسے کوئی اشارے نظر نہیں آتے کہ ایران اپنے پرامن جوہری پروگرام کو فوجی چینل پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ ایک سنگین اشتعال انگیزی ہو گی۔
روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ روس حقائق سے رہنمائی حاصل کرنے کو ترجیح دیتا ہے، تقریباً تمام ممالک میں ایسے سیاست دان اور پارلیمنٹیرین موجود ہیں جو ایسے مؤقف کا اظہار کرتے ہیں جو ان کی حکومتوں کی عملی حکمت عملی اور لائن کی عکاسی نہیں کرتے۔