رانا مشہود سے بوسنیا کے سفیر کی ملاقات، نوجوانوں کو بااختیار بنانے بارے تبادلہ خیال
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان سے بوسنیا کے سفیر ایمن کوہوڈاریوک نے ملاقات کی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے ممکنہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے سفیر کا پرجوش خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کی ترقی میں علم اور تجربات کے اشتراک کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے نوجوانوں کے چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں بین الاقوامی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات نوجوانوں کے اقدامات کے لئے ایک باہمی تعاون کے فریم ورک کے قیام کی جانب ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے جس سے دونوں ممالک مستفید ہو سکتے ہیں، دونوں ممالک مشترکہ طور پر اپنے نوجوانوں کے لئے بامعنی مواقع پیدا اور ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
سفیرکوہوڈارویک نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے لئے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔