فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہو رہا، عوام نے ان کی احتجاج کی کال پر کان نہیں دھرے: مریم نواز

لندن: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ملک سے فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہو رہا ہے،عوام نے ان کی احتجاج کی کال پر کان نہیں دھرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لندن میں لیگی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جب بھی ترقی کا دور آیا تو نواز شریف کی حکومت تھی، پی ٹی آئی کی حکومت گئی تو وہ اس انتظار میں تھے پاکستان ڈیفالٹ کرے۔

مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ کے قریب تھا، اب کوئی ڈیفالٹ کی بات نہیں کرتا، ملک ترقی کر رہا ہے، معیشت بہتر ہو رہی ہے، ہم نوازشریف کی سربراہی میں کام کر رہے ہیں، لاہور میں ایک ہزار بیڈ کا ہسپتال بن رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اپنا گھر سکیم پورے پنجاب میں شروع ہو چکی ہے، پہلا نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں، لوگوں کی خدمت میرا فرض ہے، پنجاب میں آج روٹی اور آٹا سستا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں