علاقائی استحکام کیلئے شام میں امن ناگزیر ہے: پاکستان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ علاقائی استحکام کیلئے شام میں امن ناگزیر ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹر سمٹ میں شرکت کی، شہباز شریف نے آبی تنازعات کے حل کیلئے علاقائی تعاون،ڈیٹا شیئرنگ کیلئے فریم ورک پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر بربریت جاری ہے، علاقائی استحکام کیلئے شام میں امن ناگزیر ہے، اقوام متحدہ کی کل کی قرار داد کو خوش آمدید کہتے ہیں، قرارداد میں فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا کہا گیا۔
ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔