محکمہ صحت کے ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ کے پی کابینہ کو بھیج دیا گیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کے ریگولر بنچ نے خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے گریڈ ایک سے 12 تک ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ صوبائی کابینہ کو بھیج دیا۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی ریگولر بنچ نے کیس سماعت کی۔
ریگولر بنچ نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ ملازمین کو مستقل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق 3 ماہ میں فیصلہ کرے۔
ملازمین کے وکیل نے کہا کہ 58 مختلف پراجیکٹس کے لیے بھرتیاں کی گئی تھیں، وکیل خیبر پختونخوا حکومت نے کہا کہ تھرڈ پارٹی ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ صوبائی حکومت کو معاملہ دیکھنا چاہیے۔
بعدازاں سپریم کورٹ کے ریگولر بنچ نے خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے گریڈ ایک سے 12 تک ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ صوبائی کابینہ کو بھیج دیا۔