دشمن پر لرزہ طاری کرنیوالے میجر شبیر شریف کا آج 53 واں یوم شہادت
لاہور: (دنیا نیوز) دشمن پر لرزہ طاری کرنے والے میجر شبیر شریف کا آج 53 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے۔
میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1947ء کو ضلع گجرات کے قصبہ کنجاہ میں پیدا ہوئے، 1964ء میں 21 سال کی عمرمیں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، میجر شبیر شریف شہید سابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی اور میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے بھانجے تھے۔
میجر شبیر شریف شہید 1965ء کی جنگ میں بحیثیت سیکنڈ لیفٹیننٹ شریک ہوئے اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا جس پر انہیں ستارہ جرات سے نوازا گیا، 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں بھی یہی عزم اور حوصلہ کام آیا اور ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کر ڈالا۔
یہ خبر بھی پڑھیں:صدرمملکت اور وزیراعظم کا میجر شبیر شریف شہید کو خراج عقیدت
6 دسمبر 1971ء کو میجر شبیر شریف نے جام شہادت نوش کیا، انہیں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
پاک فوج کے سربراہان کا خراج عقیدت
میجر شبیر شریف شہید کے 53 ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر شبیر شریف شہید نے 1965ء کی جنگ میں بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا، 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر میجر شبیر شریف کی کمان میں سکس ایف ایف رجمنٹ نے دشمن کی فوج کو تہس نہس کر ڈالا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قوم کے بہادر سپوت نے 6 دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کیا، میجر شبیر شریف واحد شخصیت ہیں جنہیں نشانِ حیدر اور ستارہ جرات سے نوازا گیا۔