صدرمملکت اور وزیراعظم کا میجر شبیر شریف شہید کو خراج عقیدت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم نے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کو 53 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر شبیر شریف شہید کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نے 1971 میں دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، ان جیسے بہادر افسران پر پوری قوم کو فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم میجر شبیر شریف کو وطن کیلئے قربانی اور بہادری پر سلام پیش کرتی ہے، قوم تمام شہداء کی قربانیوں کی معترف ہے، اُنہیں فراموش نہیں کرے گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر شبیر شریف کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے 53 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت کیا اور کہا کہ میجر شبیر شریف شہید جرآت و بہادری کی عمدہ مثال تھے، 1971 کی جنگ میں انہوں نے ہیڈ سلیمانکی میں دشمن کی پیش قدمی کو روکے رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید نے نہ صرف اپنے ہدف کی حفاظت کی، دشمن کے ٹینکوں کو ٹینک شکن رائفل سے ناکارہ بنایا بلکہ کمپنی کمانڈر سمیت دشمنوں کو صفحہ ہستی سے مٹا ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر نے مادر وطن کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا، ان کا وطن سے محبت اور دفاعِ وطن کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کرنے کا جذبہ نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کے جذبہ حب الوطنی اور فرض شناسی نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا دیا، مجھ سمیت پوری قوم کو میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر اور انکے اہل خانہ پر فخر ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی غیور قوم دفاعِ وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کر سکتی، میجر شبیر شریف شہید کی فرض شناسی اور وطن سے وفاداری کی مثال رہتی دنیا تک آئندہ نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں