پشتون کمیونٹی کا اسلام آباد پولیس پر اعتماد، سوشل میڈیا کی جھوٹی مہم کا پردہ چاک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پشتون کمیونٹی نے اسلام آباد پولیس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا کی جھوٹی مہم کا پردہ چاک کر دیا۔

اسلام آباد پولیس پر پشتونوں کو ہراساں اور تنگ کرنے کا جھوٹا پراپیگنڈہ دم توڑ گیا، اسلام آباد میں مقیم پشتونوں کے بیانات سے پولیس کے حق میں حقیقت کا انکشاف ہوا ہے۔

اسلام آباد میں رہنے والے پشتونوں نے وفاقی پولیس کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہ اسلام آباد میں میرے 15 سال ہوگئے ہیں اور پچھلے 3 سال سے یہاں کام کر رہا ہوں، میں کسی غیر قانونی کام میں شامل نہیں تھا اسلئے مجھے اسلام آباد پولیس نے کسی طرح سے بھی تنگ نہیں کیا، الحمدللہ اسلام آباد پولیس ہمارے ساتھ بہت تعاون کرتی ہے۔

لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے بخت زادہ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں یہاں اسلام آباد میں 3 سال سے سبزی فروٹ کا کام کرتا ہوں، آج تک مجھے اسلام آباد پولیس نے تنگ نہیں کیا۔

پشتون دکاندار کا کہنا تھا کہ میں 24 سال سے اسلام آباد میں کام کرتا ہوں اور پولیس کا رویہ ہمیشہ مثبت رہا ہے، الحمدللہ ہمارے ساتھ اسلام آباد پولیس والے بہت اچھے ہیں، ہمارے ساتھ ہر معاملے میں تعاون کرتے ہیں۔

ایک اور پشتون دکاندار نے کہا کہ میں مردان کا رہائشی ہوں اور اسلام آباد میں 15 سال سے رہائش پذیر ہوں، ہم پر امن شہری ہیں اور اسلام آباد پولیس کا رویہ ہمارے ساتھ مثالی ہے۔

اسلام آباد پولیس سے تعلق رکھنے والے آفیسر نے اپنے بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلام آباد پولیس کے خلاف چلنے والی جھوٹی مہم تفریق پھیلانے کیلئے کی جا رہی ہے، پشتونوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے متعلق خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس میں بھرتی ہونے والوں کی بڑی تعداد پشتونوں کی ہے اسلئے ایسی خبروں کا سچ سے کوئی تعلق نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں