عمران خان توہین عدالت سمیت متعدد کیسز سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان توہین عدالت کیس سمیت متعدد کیسز سماعت کیلئے مقرر ہو گئے۔

عمران خان توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو کرے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے 25 مئی کو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

غیرقانونی افغان باشندوں کا کیس

غیرقانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کیخلاف دائر درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئیں، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 9 دسمبر کو سماعت کرے گا، افغان باشندوں کی واپسی کے نگران حکومت کے فیصلے کیخلاف فرحت اللہ بابر نے رجوع کیا تھا۔

سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست

سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، بانی تحریک انصاف نے 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس سماعت کیلئے مقرر

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو سماعت کرے گا، بانی تحریک انصاف نے درخواست میں سویلین کے ملٹری کورٹ ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمات کیخلاف کیس

تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف مقدمات کے اندراج کیخلاف درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، جسٹس امین الدین خان سربراہی میں سات رکنی بینچ 10 دسمبر کو سماعت کرے گا، سیمابیہ طاہر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

جیل منتقلی

بانی تحریک انصاف کو اڈیالہ جیل سے خیبر پختونخوا جیل میں منتقل کرنے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو سماعت کریگا، شہری قیوم خان نے سکیورٹی وجوہات پر عمران خان کی جیل سے منتقلی کی درخواست دائر کی تھی۔

8 فروری انتخابات دھاندلی کیس

8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی کےخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست 11 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 11دسمبر کو سماعت کرے گا۔

فون ٹیپنگ

فون ٹپینگ کا 28 سالہ پرانا مقدمہ بھی سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا، جسٹس امین الدین خان سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 11 دسمبر کو سماعت کریگا، سپریم کورٹ میں فون ٹیپنگ کیلئے ڈیوائسز کی تنصیب کیخلاف 1996 سے مقدمہ زیر التوا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیس

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی بینچ 11 دسمبر کو سماعت کرے گا، درخواست شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس

پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئیں، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ 12 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں