سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سمیت اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آئینی بنچ کمیٹی نے آئندہ ہفتے کیلئے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیئے۔

سپریم کورٹ آئینی بنچ کمیٹی نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی، کاز لسٹ کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کرے گا۔

بنچ میں جسٹس جمال خان مندو خیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال شامل ہوں گے۔

9 مئی سانحہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست
آئینی بنچ کمیٹی کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق سپریم کوٹ نے 9 مئی سانحہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بنچ 10 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا، سابق وزیراعظم عمران خان نے درخواست میں سویلین کے ملٹری کورٹ ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔

عمران خان توہین عدالت کیس
سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 25 مئی کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ 10 دسمبر کو ہی اس کیس کی سماعت بھی کرے گا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 25 مئی کو عدالتی احکامات خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

8 فروری عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف درخواست
سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بنچ 11 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ انتخابات کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

عمران خان کو خیبر پختونخوا جیل منتقل کرنے کی درخواست
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے خیبر پختونخوا جیل منتقل کرنے کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ 10 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ شہری نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے منتقلی کی درخواست دائر کی تھی۔

ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس
سپریم کورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔

جسٹس امین الدین نے از خود نوٹس کی سماعت کے لیے 7 رکنی آئینی بنچ تشکیل دے دیا، سپریم کورٹ کا آئینی بنچ 9 دسمبر کو ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔

جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان، جسٹس شاہد بلال بنچ میں شامل میں شامل ہیں۔

فوجی عدالتوں کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت
فوجی عدالتوں کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا 7 رکنی آٸینی بنچ تشکیل دے دیا گیا۔

جسٹس امین الدین خان سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ 9 دسمبر کو انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس شاہد بلال کو 7 رکنی آئینی بنچ میں شامل کر لیا گیا۔

جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال آئینی بنچ میں شامل ہیں۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف درخواستیں
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بنچ 12 دسمبر کو درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات کے اندراج کیخلاف درخواست
سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بنچ 10 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف درخواست
سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف بھی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی بنچ 11 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا، درخواست شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

غیرقانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کیخلاف درخواستیں
سپریم کورٹ میں غیرقانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کے خلاف دائر درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ 9 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ افغان باشندوں کی واپسی کے نگراں حکومت کے فیصلے کے خلاف فرحت اللہ بابر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مٹھی ہسپتال میں بچوں کی اموات کا کیس
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے سامنے مٹھی ہسپتال سندھ میں بچوں کی اموات کا کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی بنچ 9 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا جبکہ عدالت نے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

1993 سے زیر التوا فون ٹیپنگ کیس سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ میں فون ٹپینگ کا 28 سالہ پرانا مقدمہ بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بنچ 1993 سے زیر التوا فون ٹیپنگ کیس کی 11 دسمبر کو سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے مطابق جسٹس شاہد بلال کو سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بنچ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں