پی ٹی آئی سول نافرمانی کی کال سے فیض حمید کیس پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے : فیصل واوڈا
کراچی:(دنیا نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سول نافرمانی کی کال کے فیض حمید کیس پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا ایم کیو ایم کے مرکزی آفس بہادرآباد کراچی پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا قومی مقصد ہے، مصطفی کمال اور میری یکساں فطرت ہے، پیار سے بھی کام کرانا جانتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی، ہمیں سب کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا، روز لاشیں گرانا دھرنے اور ناانصافی اب پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا اس کا احترام کرنا ہوگا
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی کی جان کو خطرہ ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی، ایم کیو ایم کی قیادت فضل الرحمان سے ملاقات کرے گی، مولانا کے بل کے حوالے سے ہم مل کر کوئی راستہ نکالیں گے، میں وہ نہیں جو اندر خانے اسٹیبلشمنٹ کے پیر پڑے اور باہر آکر برا بھلا کہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں بھی بہت اچھے لوگ ہیں، تحریک انصاف اگر اپنا قبلہ درست کرے تو بہتر ہوگا، بیگم اور ان کے حواریوں سے بانی تحریک انصاف کی جان بچانی ہے، آج کہیں سب سے زیادہ مخلص کوئی عمران خان کے ساتھ ہے وہ ان کی بہنیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی کال دی ہے، 14 تاریخ فیض حمید کی پروسیڈنگ پر پریشر ڈالنے کے لیے مقرر کی لیکن یہ پروسیڈنگ اس سے پہلے شروع ہو جائے گی، اسٹیبلشمنٹ کوئی سودا نہیں کررہی، حکومت کے پاس جاؤں گا کہ وہ فیملی کارپوریشن کی طرح حکومت نہ چلائے۔