اے آئی کے استعمال سے بروقت انصاف میسر آسکتا ہے: سید یوسف رضا گیلانی

ملتان: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس عالمی سطح پر اثرات مرتب کر رہی ہے، اے آئی کے استعمال سے انصاف بروقت میسر آسکتا ہے۔

بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے کردار کے حوالے سے انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس تقریب میں آنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہر شعبے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوانین معاشرے میں انصاف کے حصول کے لئے اہم ہوتے ہیں، اے آئی کے استعمال کے آغاز میں مشکلات ہوسکتی ہیں، اے آئی سے کروڑوں لوگوں کو سستا اور بروقت انصاف میسر آسکے گا، اے آئی کے استعمال سے دور افتادہ علاقوں کے مکینوں کو انصاف کے حصول میں آسانی ہوگی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس انسانی زندگی کے لئے ضروری ہوچکی ہے، اے آئی کو لیگل سسٹم میں لانے کے لئے پہلے اس کی تربیت لازمی ہے، اے آئی کی غیر جانبداری دیکھنا ہوگی، ذاتی ڈیٹا کی حفاظت یقینی بنانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ہمارے عدالتی نظام کو معاونت فراہم کر سکتی ہے، عدالتی عملے کو اے آئی کی باقاعدہ تربیت دینا ہوگی، ٹیکنالوجی تنہا کچھ نہیں کرسکتی، ہمیں اداروں کو بھی مضبوط بنانا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمیں اے آئی کو اپنے لیگل سسٹم میں شامل کرنے کے لئے روڈ میپ دینا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں