پاکستان کیلئے تیار چوتھے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کمیشننگ تقریب
راولپنڈی: (دنیا نیو) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کیلئے تیار کیے جانے والے چوتھے آف شور پٹرول ویسل پی این ایس یمامہ کی کمیشننگ تقریب کا انعقاد رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا میں ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں رومانیہ نیوی کے ڈپٹی فلیٹ کمانڈر ریئر ایڈمرل ماریان سیوبوٹارو (Marian Ciobotaru) اور رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ارشد جان پٹھان نے خصوصی شرکت کی۔
پی این ایس یمامہ کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر صلاحیتوں کا حامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پی این ایس یمامہ بیک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت سے لیس ہے۔
پاک بحریہ کی صلاحیتوں، دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں موجودگی اور آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہوگا، پی این ایس یمامہ کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمان خصوصی نے ڈیمن شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ مہارت اور پاک بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر شپ یارڈ انتظامیہ کی تعریف کی۔
اس سے قبل پاک بحریہ نے تین آف شور پٹرول ویسلز پی این ایس تبوک، پی این ایس یرموک، پی این ایس حنین اپنے بیڑے میں شامل کیے، یرموک کلاس کے تمام جہاز سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لئے بھی موزوں ہیں۔