وزیراعظم کی صدر یو اے ای سے پاکستان پہنچنے پر ملاقات، باہمی امور پر گفتگو
رحیم یار خان:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر یو اے ای شیخ محمد بن زید النہیان سے پاکستان پہنچنے پر ملاقات کی۔
پی ایم سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان پہنچ گئے جہاں رحیم یار خان پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نےملاقات کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر گفتگو کی۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات میں بہتری اور یو اے ای کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے دوران گفتگو قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و تجدید، نوجوانوں میں صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا، شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔
انہوں نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم کی متحرک قیادت کی تعریف کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا، عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر عزت مآب شیخ زید محمد بن النہیان کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں امن اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
ملاقات کا اختتام پر دونوں ممالک کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی طور پر ترجیحی شعبوں میں وسیع تر تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا۔