کراچی: دبئی شاپنگ مال کے گودام میں آتشزدگی، کئی دکانیں خاکستر

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں طارق روڈ کے دبئی شاپنگ مال کے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

دبئی شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں قائم گودام اور دکانوں میں اچانک آگ بھڑکی جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمیں، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بچھانے میں مصروف ہوگئیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شاپنگ مال کے بیسمنٹ میں موجود دو سے تین کپڑوں کی دکانوں میں لگی تھی، آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ بیسمنٹ میں بھر جانے والا دھواں خصوصی مشینوں کے ذریعے باہر نکالا گیا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران دھوئیں کے باعث دو فائر فائٹرز بلال اور سکندر کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی، حکام کے مطابق واقعے میں کسی شہری کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث آگ پر قابو پا لیا گیا جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب مارکیٹ ایسوسی ایشن نے فائر بریگیڈ اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کے لئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا، جبکہ بے ہوش ہونے والے فائر فائٹر سکندر کے لئے اضافی 2 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔

واقعے کے باعث کراچی ٹریفک پولیس نے اتحاد چوک سے لبرٹی چوک تک طارق روڈ کے دونوں اطراف ٹریفک کو متبادل گلیوں میں منتقل کر دیا، شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستے اختیار کریں، ٹریفک پولیس کے اہلکار موقع پر موجود رہ کر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مصروف رہے۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں