افغانیوں کا پاکستان سے انخلا جاری، 21 لاکھ 68 ہزار سے زائد واپس چلے گئے

کوئٹہ:(دنیا نیوز) ملک بھرسےافغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کاسلسلہ جاری ہے ، روزانہ سیکڑوں افغان شہری چمن بارڈر کے راستے واپس اپنے وطن روانہ ہورہے ہیں۔

نادرا ذرائع کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر500 سے 600 افراد چمن ہولڈنگ کیمپ پہنچ  رہے ہیں، چمن کیمپ میں افغان شہریوں کی رجسٹریشن کاعمل مکمل کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے چمن کیمپ میں عارضی پناہ گاہیں بھی قائم کی گئی ہیں، اب تک 21 لاکھ 68 ہزار سے زائد افغان مہاجرین وطن واپس جا چکے ہیں۔

دوسری جانب افغان مہاجرین نے پاکستان کی طویل المدتی مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے میزبانی کا حق ادا کیا، پاکستان کے لوگوں اور حکومت نے ہمیشہ تعاون کیا، ہمیں کبھی کسی سے کوئی گلہ نہیں رہا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرکے انسانی ہمدردی اور مہمان نوازی کا عملی ثبوت دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں