پاکستان نے نیک نیتی کے ساتھ ثالثی کا رول ادا کیا: خرم دستگیر
اسلام آباد: (دنیانیوز) سابق وزیرخارجہ خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے نیک نیتی کے ساتھ ثالثی کا رول ادا کیا، ایران کی گلیوں میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ایران جنگ کے دوران پاکستان نے ایک اصولی موقف اپنایا، آج پوری دنیا میں پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی اور ملک پر دونوں فریقین کو اعتماد نہیں تھا، دونوں فریقین نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں 70 ہزار فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا، ایران کو سیزفائر کی میز پر لانے میں پاکستان کے پیچھے چین بھی کھڑا ہے، مذاکرات سے ہمیں مثبت پیشرفت کی توقع ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ جنگ کی وجہ سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پوری دنیا کی نظریں اس وقت اسلام آباد پر لگی ہیں، ایران کی طرف سے گارنٹی درست مطالبہ ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ پہلے معاشی پھر دفاعی معاملات حل ہوں گے، مذاکرات کے بعد ایک فریم ورک طے کیا جائے گا، پوری دنیا کی ترجیح اس وقت آبنائے ہرمز کو کھولنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک ضمنی سکیورٹی گارنٹی مانگیں گے، پاکستان سہولت کار کا رول ادا کر رہا ہے، جب تک دونوں ممالک پاکستان کو گارنٹر کی درخواست نہ کریں ہمیں نہیں دینی چاہئے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھولنے اور معاشی پابندیاں ہٹنے سے ہارڈ لائنر بھی خاموش ہو جائیں گے، معاشی ایشوز پر فوری اقدامات ہو سکتے ہیں۔