سہیل آفریدی کا لنڈی کوتل افغان ہولڈنگ کیمپ کا دورہ، سہولتوں کا جائزہ لیا
خیبر: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لنڈی کوتل افغان ہولڈنگ کیمپ کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ میں سہولیات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے رخصت کیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین ہمارے مہمان رہے، واپسی عزت و وقار کے ساتھ یقینی بنائیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مہاجرین کے لیے تمام سہولیات فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، ہولڈنگ کیمپ میں بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ خیبر کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کیمپوں پر دباؤ کے باوجود افغان خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے، لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ میں رجسٹریشن پوائنٹس 20 ہے جس کو بڑھا کر 40 کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔