شیخ حمد بن خلیفہ نے قطر کی خوشحالی میں تاریخی کردار ادا کیا: صدر، وزیراعظم
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سابق امیرِ قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی رحلت پر کہا ہے کہ مرحوم امیر نے قطر کی خوشحالی میں تاریخی کردار ادا کیا، رحلت پر دلی رنج ہوا۔
صدر آصف علی زرداری نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد کے نام تعزیتی پیغام میں قطر کی حکومت اور عوام کے ساتھ سابق امیر کی رحلت پر تعزیت کی، سابق امیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دعائے مغفرت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ الثانی عظیم رہنما اور مدبر سیاست دان تھے، انہوں نے قطر کو جدید اور خوشحال ریاست بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی، حکومت اور عوامِ قطر سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے، مرحوم شیخ حمد کی پاکستان سے محبت اور خلوص کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ریاستِ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال کی خبر سن کر دلی رنج ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم امیر شیخ حمد نے اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے قطر کی جدید ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دوستی کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم خدمات انجام دیں، ان کی دور اندیش قیادت اور خطے میں امن کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام، حکومتِ پاکستان اور اپنی جانب سے الثانی خاندان، امیرِ قطر، حکومتِ قطر اور قطری عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
قطر کے امیری دیوان کی جانب سے آج سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی رحلت کا اعلان کیا گیا، وہ موجودہ امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے والد تھے۔