ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے، محسن نقوی نے استقبال کیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالی تقریب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا جبکہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، "پاکستان آمد پر اپنے بھائی کو خوش آمدید کہتا ہوں۔" انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اپنے دورہ پاکستان کے دوران خوش آئند پیش رفت کی نوید لائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسکندر مومنی کے دورۂ پاکستان سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ملاقاتوں کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی امور پر مثبت پیش رفت ہوگی، جس سے پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون اور روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
توقع ہے کہ ایرانی وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں سرحدی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments