آزاد جموں و کشمیر میں شفاف اور پرامن انتخابی عمل کا مرحلہ وار انعقاد
مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلے میں سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جہاں تینوں ڈویژنز کے آٹھ اضلاع میں مجموعی طور پر 24 ہزار 40 سرکاری ملازمین نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
الیکشن حکام کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے پولنگ کا عمل 20 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پرامن ماحول میں جاری رہا، پولنگ کے دوران مجموعی طور پر انتخابی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق راولاکوٹ ڈویژن کے دو اضلاع کی چار قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 4 ہزار 278 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جبکہ میرپور ڈویژن کے تین اضلاع کی 13 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 12 ہزار 41 سرکاری ملازمین نے ووٹ ڈالے، اسی طرح مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع کی 9 قانون ساز اسمبلی نشستوں پر 7 ہزار 721 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔
پولنگ کے اختتام پر سیل شدہ بیلٹ باکسز اور دیگر انتخابی سامان مقررہ ضابطہ کار کے مطابق متعلقہ ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا گیا، ان ووٹوں کی گنتی اور سرکاری نتائج کا اعلان عام انتخابات کے لیے مقررہ پولنگ کے روز کیا جائے گا۔
پولنگ کے دوران مختلف انتخابی حلقوں میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی کیمپ بھی قائم کیے گئے، جہاں کارکنان ووٹرز کی رہنمائی کرتے رہے۔
انتخابی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونا آزاد جموں و کشمیر میں شفاف، منظم اور پُرامن عام انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے۔ ان کے مطابق سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد میں ووٹنگ انتخابی نظام پر اعتماد اور جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کی عکاسی کرتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments