رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا مبینہ دہشتگرد گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جیکب لائن، جمشید ٹاؤن سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شہزاد عرف ڈنگر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے بتایا گیا ہے، کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق دہشتگرد منصور نے شہزاد کو کراچی سے تنظیم کے لیے فنڈنگ جمع کرنے کا ٹاسک دیا تھا، گرفتار ملزم مختلف افراد سے ماہانہ بنیادوں پر فتنہ الخوارج کے لیے مبینہ طور پر فنڈنگ جمع کرتا رہا جبکہ یہ رقوم ایزی پیسہ اکاؤنٹس کے ذریعے وزیرستان منتقل کی جاتی تھیں۔
رینجرز کے مطابق منتقل کی جانے والی رقوم دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں استعمال ہوتی تھیں، گرفتار ملزم مبینہ طور پر وزیرستان جا کر دہشتگرد منصور سے خفیہ ملاقاتیں بھی کرتا رہا، جبکہ جون 2026 میں بیرمل میں منصور سے اس کی ملاقات ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران منصور نے شہزاد کو دہشتگردی اور بھتہ وصولی کے لیے نیٹ ورک مزید مضبوط کرنے کا ٹاسک دیا، بعد ازاں ایک نامعلوم ساتھی کے ذریعے ملزم کو اسلحہ اور بارود بھی فراہم کیا گیا، گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی حساس مقامات پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، کارروائی کے بعد ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں اس کے مبینہ نیٹ ورک، مالی معاونت اور دیگر ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments