صدر آصف زرداری سے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی، وفاقی ٹیکس محتسب اور بینکنگ محتسب کی ملاقاتیں

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی، وفاقی ٹیکس محتسب اور بینکنگ محتسب کی ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہوں نے سالانہ رپورٹس پیش کیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی فوزیہ وقار نے ملاقات کی، ملاقات میں صدر مملکت نے کام کی جگہ ہراسانی کی شکایات کے فوری ازالے پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہراسانی کی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے داخلی نظام مضبوط بنایا جائے، کام کی جگہ ہراسانی کی شکایات کے حوالے سے نگرانی کے مؤثر نظام کی ضرورت ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی کے کردار کو سراہتے ہوئے مزید آگاہی اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ ہراسانی کی شکایات کا منصفانہ اور میرٹ پر جائزہ لیا جائے، حقیقی ہراسانی کے کیسز کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہراسانی کے الزامات کا قانون کے مطابق محتاط انداز میں جائزہ لیا جائے۔

فوزیہ وقار نے صدر مملکت کو وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی، رپورٹ کے مطابق وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی کو 2024-25 میں ہراسانی کی 1,119 شکایات موصول ہوئیں، 2024-25 میں ہراسانی کی 1,047 شکایات کے فیصلے کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق شکایات کے اندراج میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 375 فیصد اضافہ ہوا، جائیداد سے محرومی کی 352 شکایات موصول ہوئیں جبکہ 238 کے فیصلے کیے گئے۔

صدر آصف علی زرداری سے وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی نے بھی ملاقات کی اور صدر مملکت کو سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی۔

صدر مملکت نے ٹیکس دہندگان کو مؤثر ریلیف یقینی بنانے کے لیے عملدرآمد کے مضبوط نظام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں اور سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جائے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شکایت کنندگان کو فراہم کیا جانے والا ریلیف بامعنی اور مؤثر ہونا چاہیے، وفاقی ٹیکس محتسب وفاقی ٹیکس قوانین کے نفاذ میں بدانتظامی سے ہونے والی ناانصافی کے ازالے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

صدر مملکت نے شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذرائع کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے پر زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق 2025 میں وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس 37 ہزار 160 نئی شکایات درج ہوئیں، 35 ہزار 830 شکایات اور کیسز نمٹا دیے گئے جبکہ 13 ارب روپے سے زائد کے ریفنڈ کلیمز کے فیصلے کیے گئے۔ ایف بی آر نے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو واجب الادا رقم ادا کی۔

صدر آصف علی زرداری سے بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز نے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی، بینکنگ محتسب نے ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی۔

صدر مملکت نے بینکنگ محتسب پاکستان کو خدمات کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی۔ اقدام کا مقصد بینکنگ صارفین کو فراڈ اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے میں مدد کرنا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جدید بینکاری خدمات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے، معلومات کی کمی کے باعث صارفین فراڈ اور دھوکہ دہی کی سرگرمیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

صدر مملکت نے خواتین، خصوصی افراد، بزرگ شہریوں اور کم آمدنی والے طبقات کو انصاف تک رسائی میں خصوصی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران بینکنگ محتسب کو 35 ہزار 130 شکایات موصول ہوئیں، گزشتہ سال کی 13 ہزار 793 شکایات زیر التوا تھیں، مجموعی طور پر 48 ہزار 923 شکایات زیر غور تھیں۔

رپورٹ کے مطابق 36 ہزار 280 شکایات نمٹا دی گئیں، صارفین کو ایک ارب 87 کروڑ 97 لاکھ 66 ہزار روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔

یکم جنوری سے 30 جون 2026 تک 21 ہزار 392 نئی شکایات موصول ہوئیں، گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 16 ہزار 915 شکایات موصول ہوئی تھیں۔

سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران 18 ہزار 482 شکایات نمٹائی گئیں، بینکنگ صارفین کو 76 کروڑ 27 لاکھ 60 ہزار روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...