پنجاب پراسیکیوشن کا ورکنگ سٹائل پسند ہے: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

لاہور: (محمد اشفاق) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

 ملاقات کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے پنجاب پراسیکیوشن کے طریقۂ کار اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے تسلی بخش قرار دیا اور دیگر صوبوں کو بھی پنجاب پراسیکیوشن کے تجربات اور مؤثر ورکنگ سٹائل سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد میں ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب احمد رضا گیلانی، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عرفان ضیاء اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل پنجاب محمد ارشد علی فاروقی شامل تھے۔

اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے پنجاب پراسیکیوشن کے ورکنگ سٹائل اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں پنجاب پراسیکیوشن کا طریقۂ کار پسند ہے، محکمہ میں خدمات انجام دینے والے پراسیکیوٹرز انتہائی قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ انہیں پنجاب پراسیکیوشن سے کسی قسم کی شکایت نہیں اور محکمہ کی مجموعی کارکردگی قابلِ اطمینان ہے۔

انہوں نے پنجاب پراسیکیوشن کی کارکردگی کو دیگر صوبوں کے لیے بھی قابلِ تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبے پنجاب پراسیکیوشن سے مدد اور رہنمائی حاصل کریں اور اس کے تجربات اور مؤثر نظام سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی پراسیکیوشن سروسز کو مزید بہتر بنائیں۔

چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے پنجاب پراسیکیوشن کی کارکردگی اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا جانا محکمہ کے افسران اور پراسیکیوٹرز کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا گیا۔

پنجاب پراسیکیوشن کے مطابق محکمہ نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انصاف کی مؤثر فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کے ذریعے پراسیکیوشن کے نظام کو مزید مؤثر بنایا ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری عرفان صادق تارڑ نے چیف جسٹس پاکستان کی جانب سے پنجاب پراسیکیوشن کی کارکردگی کو سراہنے کو پورے محکمہ کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حوصلہ افزائی افسران اور پراسیکیوٹرز کو مزید محنت، لگن اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ترغیب دے گی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پراسیکیوشن قانون کی حکمرانی، انصاف کی مؤثر فراہمی اور جدید و معیاری پراسیکیوشن سروسز کی فراہمی کے لیے اصلاحات اور اقدامات کا سلسلہ مزید تیزی سے جاری رکھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...