مانسہرہ اور گرد نواح میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی، سیاحوں کیلئے الرٹ جاری
مانسہرہ:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی پیدا ہوگئی ہے جبکہ دریائے سرن اور دریائے کنہار میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات وادی ناران، وادی کاغان، جھیل سیف الملوک، پٹاکنڈی، بابوسر ٹاپ، بیسر اور جلکھڈ سمیت بالائی پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔
اِسی طرح بارشوں کے باعث کلاؤڈ برسٹ، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
علاوی ازیں ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے لیے بھی احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کیا جائے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ آب گزرگاہوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ علاقوں سے دور رہا جائے اور موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments