آزاد کشمیر اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا، مسائل باہمی تعاون سے حل کیے جائیں گے: وزیراعظم

مظفر آباد:(دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی وجود میں آچکی، مسائل باہمی تعاون اور مشاورت سے حل کیے جائیں گے۔

مظفر آباد میں ہونے والی تقریب میں آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نئے ارکان نے حلف اٹھا لیا، شہباز شریف نے نئے کونسل ممبران سے حلف لیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین آزاد جموں و کشمیر کونسل اور شہباز شریف تھے، صدر آزاد کشمیر محمد نجیب نقی، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

 وزیراعظم نے نئے ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب ارکان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے اور بطور چیئرمین اس پل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر پر زور دیا کہ وہ عوام کی خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا، عوام کی دہلیز پر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے، بدقسمتی سے حالیہ مہینوں میں آزاد کشمیر میں افسوسناک واقعات رونما ہوئے، حکومت نے احتجاجی عناصر کو سنجیدگی کے ساتھ سمجھانے کی کوشش کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی وجود میں آچکی ہے، اسمبلی قانون سازی کرے گی تو اس کا سب احترام کریں گے، عوامی مسائل کو باہمی تعاون اور مشاورت کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ خارجی اشاروں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کاز کے خلاف متحرک عناصر کے خلاف کارروائی کرنا فرض تھا، جبکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قانون نے اپنا راستہ اختیار کیا، کہ ریاستی معاملات میں قانون اور آئینی عمل کی پاسداری ضروری ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی دلیرانہ قیادت میں افواج پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو تاریخی سبق سکھایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...