معمر خاتون کو دیگ میں بٹھا کر سیلابی ریلا عبور کرانے کی ویڈیو وائرل
آندھرا پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں معمر خاتون کو دیگ میں بٹھا کر سیلابی ریلا عبور کرانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم سے ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ضعیف خاتون کو دیگ میں بٹھا کر سیلابی ریلا عبور کرایا جا رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون دیگ میں موجود ہے اور ایک شخص انہیں سیلابی ریلا عبور کرانے میں مدد کر رہا ہے، وشاکھا پٹنم میں پل بہہ جانے سے زمینی رابطہ منطقع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ آزادی کے 77 سال بعد بھی شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، ریاست کیرالہ میں بارشوں اور لینڈ سیلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 180 سے تجاوز کر گئی ہے۔
شملہ میں شدید بارشوں کے دوران کلاؤڈ برسٹ ہوا جبکہ نئی دہلی میں بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔