پاکستانی سفارتخانہ کی برسلز کے انٹرنیشنل فیسٹیول میں پاکستانی پویلین کے ساتھ شرکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ نے آئی ایس بی انٹرنیشنل فیسٹیول میں ایک منفرد ڈیزائن کردہ پاکستانی پویلین کے ساتھ شرکت کی۔

فیسٹیول میں پاکستانی سٹریٹ فوڈ، دستکاری، کھیلوں کی مصنوعات، فوٹو بوتھ اور شرکاءکے لیے دیگر بہت سی دلچسپ سرگرمیاں شامل تھیں، انٹرنیشنل فیسٹیول دنیا بھر سے متنوع ثقافتوں اور روایات کا سالانہ جشن ہے، جو عالمی کوویڈ وبائی بیماری کی وجہ سے 3 سال کے وقفے کے بعد منعقد کیا گیا۔

نوجوانوں سمیت سیاحوں کی بڑی تعداد نے بین الاقوامی میلے کا دورہ کیا اور پاکستانی ثقافت کے مختلف پہلوؤں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جس کی عکاسی دلچسپ اور معلوماتی دستاویزی فلموں، کتابوں اور ثقافتی نمائشوں کے ذریعے کی گئی۔

نمائش میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، ثقافتی تنوع، سیاحت اور ملک کے برآمدی امکانات کو دکھایا گیا، نمائش میں زیورات، دستکاری، اعلیٰ برآمدی مصنوعات، روایتی ملبوسات اور تصاویر شامل تھیں۔

پاکستان میں سیاحت اور ثقافت کے بارے میں کتابوں اور دستاویزی فلموں کا انتخاب بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا جنہوں نے شرکاء کو ملک کی بھرپور تاریخ، روایات اور سیاحت کی صلاحیت کے بارے میں منفرد معلومات فراہم کیں۔

روایتی پاکستانی سٹریٹ فوڈ نے بھی بہت سے شرکاءکو اپنی طرف متوجہ کیا جنہوں نے روایتی پاکستانی کھانوں خاص طور پر بریانی، سموسے، سیخ کباب، کھیر کے ساتھ ساتھ خصوصی کشمیری چائے بھی پسند کی۔

فیسٹیول کے شرکاء نے پاکستان پویلین میں رکھے پاکستانی کھانوں اور نمائش میں رکھی گئی دیگر خوبصورت اشیا کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں