سڈنی میں دہشتگردی: اسرائیل، بھارت اور افغانستان کا پاکستان مخالف پروپیگنڈا بے نقاب
سڈنی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں دہشت گردی پر اسرائیل، بھارت اور افغانستان کا پاکستان کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر دہشت گردانہ کارروائی میں متعدد افراد ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 40 افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا، جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، جائے وقوعہ کے قریب ایک کار سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
اسرائیلی و بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نے واقعے کو پاکستان کے ساتھ جوڑنے کی ناکام کوشش کی، اسرائیلی اخبار یروشلم نے حقائق جانے بغیر منظم ایجنڈے کے تحت حملہ آوروں کو پاکستانی قرار دیا۔
بھارتی ایجنسی ”را“ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی پاکستان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈا شروع کر دیا، منظم پروپیگنڈا بھارت کے پہلگام فالز فلیگ کی طرز پر کیا گیا۔
پاکستان کے ریکارڈ کے مطابق ساجد اکرم اور نوید اکرم نامی شخص کا پاکستانی ہونے کا کوئی ثبوت موجود نہیں، آسٹریلیا میں موجود پاکستانی حکام کے مطابق ان کے پاکستانی ہونے کے بارے میں اطلاعات نہیں۔
ہندوستانی میڈیا اور سوشل میڈیا پروپیگنڈہ کر رہا ہے کہ ساجد اکرم ٹورسٹ ویزا پر آسٹریلیا گیا تھا، جھوٹ پر مبنی ہے، ساجد اکرم 1998 میں سٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا پہنچا، ویزا2001 میں وارینا نامی آسٹریلین خاتون سے شادی کے بعد پارٹنر ویزا میں تبدیل ہوا، آسٹریلین ہوم منسٹر ٹونی بیورک کا بیان ان حقائق کی توثیق کرتا ہے۔
ساجد اکرم10 سال سے آسٹریلیا کے گن کلب کا ممبر ہے، 6 لائسنس شدہ ہتھیار برآمد ہوئے، یہ اطلاعات بھی موجود ہیں کہ ساجد اکرم کا بنیادی تعلق افغانستان کے صوبے ننگر ہار سے ہے، دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور افغانستان اس کا گڑھ بن چکا ہے، واقعے کے دوران کی جانے والی فائرنگ افغان طالبان کی اس طرح کے واقعات میں طریقہ واردات سے مماثلت رکھتی ہے۔