وینزویلا کے عبوری حکمرانوں کے فیصلے امریکا کے بتائے ہوئے ہوں گے، وائٹ ہاؤس
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ نے کہا ہے کہ وینزویلا کے عبوری حکمران جو بھی فیصلے کریں گے وہ امریکا کے بتائے ہوئے ہوں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ وینزویلا کے تیل معاہدے پر امریکا کا مکمل کنٹرول برقرار ہے، امریکا تیل کی صنعت سے متعلق طویل المدتی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ آئل کمپنیز کے سربرہان کی میٹنگ جمعہ کو ہوگی، وینزویلا کے تیل کی مارکیٹنگ پہلے ہی شروع کی جاچکی ہے، تیل کی فروخت سے حاصل رقم پہلے امریکی اکاؤنٹس میں جمع ہوگی۔
بحر اوقیانوس میں آئل ٹینکروں کو قبضے میں لینے کے سوال پر ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ امریکا تمام پابندیوں پر پوری طرح عمل کروائے گا، جہاز کے عملے کو اب قانونی کارروائی کا سامنا ہے، گرین لینڈ سے متعلق تمام آپشن ٹیبل پر ہیں، پہلا آپشن سفارتکاری ہے۔
کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ وینزویلا کے عبوری حکام سے قریبی رابطے میں ہے، امریکا معاہدے پر وینزویلا اور آئل انڈسٹری کے ساتھ کام کررہا ہے، معاہدے میں پابندی زدہ آئل بھی شامل ہے جو جہازوں پر موجود ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو آئل ورکرز کے تحفظ کیلئے امریکی فوج استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں، وینزویلا میں انتخابی ٹائم ٹیبل پر بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔