دبئی: ماہ رمضان کے دوران روزانہ 8 ہزار افراد کیلئے افطار دسترخوان کا اہتمام
دبئی (سید مدثر خوشنود) دبئی میں رمضان 2026 کے دوران ایک مخیر شخص کی جانب سے روزانہ تقریباً 8 ہزار افراد کے لیے افطار ٹینٹ قائم کیا جا رہا ہے، جہاں مزدوروں، مسافروں اور ضرورت مند افراد کو مفت افطار فراہم کی جائے گی۔
منتظمین کے مطابق یہ افطار ٹینٹ پورے ماہِ رمضان فعال رہے گا اور یہاں روزانہ ہزاروں افراد کیلئے کھانے کا انتظام کیا جائے گا تاکہ روزہ داروں کو سہولت اور اجتماعی افطار کا موقع فراہم ہو سکے، انتظامات میں رضاکار بھی حصہ لیں گے تاکہ کھانے کی تقسیم منظم انداز میں ہو سکے۔
دبئی اور دیگر امارات میں رمضان کے دوران اس نوعیت کی فلاحی سرگرمیاں کمیونٹی یکجہتی اور انسانی ہمدردی کی نمایاں مثال بنتی ہیں، جہاں مختلف قومیتوں اور پس منظر کے لوگ ایک ہی دسترخوان پر افطار کرتے ہیں۔
سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ضرورت مند افراد کیلئے سہولت کا باعث بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں باہمی تعاون اور خیر سگالی کے جذبے کو بھی مضبوط کرتے ہیں، اور یہی رمضان المبارک کا اصل پیغام بھی ہے۔