ایران کی قیادت پر کسی کو آنسو بہانے کی ضرورت نہیں: صدر یورپی کمیشن
برسلز: (دنیا نیوز) یورپی کمیشن کی صدر وان ڈر لیئن نے ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی مذمت کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی قیادت پر کوئی آنسو بہانے کی ضرورت نہیں۔
یورپی کمیشن کی صدر وان ڈر لیئن نے یورپی سفیروں کی سالانہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران کی حکومت اپنے عوام پر جبر اور تشدد مسلط کرتی رہی ہے، اس لئے موجودہ صورتحال کو ایران میں تبدیلی کے ایک ممکنہ راستے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم ان کے اس مؤقف پر یورپی یونین کے اندر اور باہر تنقید بھی سامنے آئی ہے کیونکہ یورپی یونین ابتدائی حملوں کے بعد تقریباً دو دن تک مشترکہ بیان جاری نہ کر سکی اور ایران کے خلاف جوابی حملوں کو تو ’’بلا جواز‘‘ قرار دیا گیا مگر ابتدائی کارروائی کی واضح مذمت نہیں کی گئی۔
اس دوران یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کیلس کے ساتھ اختیارات اور مؤقف کے معاملے پر اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ وان ڈر لیئن نے یورپ پر زور دیا کہ بدلتی عالمی صورتحال کے پیش نظر وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے۔