امریکی حملوں کا ’’سخت جواب‘‘ دیا جائے گا: سپیکر ایرانی پارلیمان نے خبردار کر دیا
تہران: (دنیا نیوز) ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران پر ہونے والے امریکی حملوں کا ’’سخت جواب‘‘ دیا جائے گا، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی ہلاکت اور رہائشی علاقوں پر حملوں کے سنگین اور بے قابو نتائج نکل سکتے ہیں اور ایران بھی کسی مصلحت کے بغیر سخت ردعمل دے گا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے پاس اب بھی کئی ’حیران کن اقدامات‘ موجود ہیں۔
سید عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں لکھا تھا کہ آپریشن ایپک مسٹیک کےبعد سے تیل کی قیمتیں دوگنی ہو چکی ہیں جبکہ دیگر تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ امریکا ہمارے تیل اور جوہری تنصیبات کے خلاف سازشیں کر رہا ہے تاکہ مہنگائی کے بڑے جھٹکے کو قابو میں رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایران مکمل طور پر تیار ہے اور ہمارے پاس بھی کئی حیران کن اقدامات موجود ہیں۔