ایران کی جنگ خاتمے کے قریب ہے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
فلوریڈا: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جنگ خاتمے کے قریب ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا دیکھا جائے تو ایران کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں، معلوم نہیں ایران شکست کب تسلیم کرے گا، ابھی مکمل فتح حاصل نہیں کی دشمن کے مزید پیچھے جائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم تعاقب کرکے دشمن کے خطرے کو ہمیشہ کیلئے ختم کریں گے، ایران کی نئی قیادت کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، زمینی فوج بھیجنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا، ایران اسرائیل کو ختم کرنا چاہتا تھا، حملے کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایٹم بم آجاتا تو مشکل صورتحال ہوتی، ایران نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب پر حملہ کیا، عرب ممالک نے خود کو نیوٹرل رکھا، ایران کے پاس ایسے میزائل تھے جن سے وہ ہم پر حملہ کرتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بی ٹو بمبار طیارے استعمال نہ کرتے تو ایران ہمارے پیچھے آتا، ہم نے ایران کی لیڈر شپ کو نشانہ بنا کر ختم کر دیا، ڈرون اور بحری جہاز تباہ کر دیئے، ڈرونز بنانے کی صلاحیت ختم کریں گے، ایرانی بحری جہاز اب سمندر کی تہہ میں ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب بچاؤ کیلئے کچھ نہیں، سب نے کہا یہ جنگ لازمی جیتیں، ہم نے بہت کچھ حاصل کرلیا، امریکا کسی کی دھمکی سے نہیں ڈرتا، ایران کراس بارڈر دہشت گردی میں سب سے اول ہے، حماس اور حزب اللہ اس کی مثالیں ہیں۔