آبنائے ہرمز پر کنٹرول برقرار ہے، ترجمان خاتم الانبیا ہیڈ کوارٹر کا سینٹ کام کو جواب

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے امریکی سینٹ کام کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر اب بھی ایران کا کنٹرول برقرار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈر کا امریکی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، اسے سختی سے مسترد کرتے ہیں، آبنائے ہرمز سے کسی بھی بحری جہاز کے آمد و رفت کا اختیار صرف ایران کی مسلح افواج کے پاس ہے۔

اس سے قبل امریکی سینٹ کام نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں ہٹانے کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں امریکی بحریہ کے میزائلوں سے لیس دو ڈسٹرائر تعینات کیے گئے ہیں جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہ آبی گزرگاہ محفوظ رہے۔

سینٹ کام نے یہ بھی کہا تھا کہ دونوں بحری جہازوں نے آبنائے ہرمز سے گزر کر خلیج عرب میں آپریشنز انجام دیے، آنے والے دنوں میں اضافی امریکی فوج اور زیر آب ڈرونز بھی اس آپریشن میں شامل ہوں گے، آزادانہ تجارت کے فروغ کیلئے اس محفوظ راستے کو جلد میری ٹائم صنعت سے شیئر کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں