ایران کے خلاف اسرائیل کی مہم ابھی ختم نہیں ہوئی: نیتن یاہو
تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیلی مہم ابھی ختم نہیں ہوئی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کے ساتھ امن مذاکرات کی ’منظوری‘ دی ہے تاہم اسی پیغام میں انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ ایران کے خلاف مہم ابھی ختم نہیں ہوئی اور کہا کہ ہم اب بھی ان سے لڑ رہے ہیں۔
بنیامین نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں جاری کیا گیا جب امریکا اور ایران پاکستان کی ثالثی کے تحت امن مذاکرات میں مصروف ہیں۔
نیتن یاہو نے اسرائیل کی فوجی مہم میں حاصل کی گئی متعدد کامیابیوں کی فہرست بھی پیش کی، جن میں ایران کے جوہری پروگرام کے خاتمے کا دعویٰ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں ابھی مکمل نہیں ہوئیں، ایران میں اب بھی جوہری پروگرام کے لیے افزودہ مواد موجود ہے، اور جیسا کہ صدر ٹرمپ نے کہا، اسے ہٹانا ضروری ہے، یا تو یہ معاہدے کے ذریعے ہٹایا جائے گا یا پھر کسی اور طریقے سے ہٹایا جائے گا۔