امریکا کے میزائل ذخائر ایران جنگ کے باعث شدید متاثر
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے میزائل ذخائر ایران جنگ کے باعث شدید متاثر ہوگئے۔
واشنگٹن میں قائم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران کے ساتھ جاری جنگ کے نتیجے میں امریکی فوج کے میزائل ذخائر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا نے اپنے پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے آدھے انٹر سیپٹر میزائل استعمال کر لئے ہیں جبکہ چھ دیگر اہم میزائل اقسام کا بھی بڑی مقدار میں استعمال ہوا ہے۔
سینٹر فار سٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق آپریشن ایپک فیوری کے تحت جاری فضائی اور میزائل مہم نے امریکی اسلحہ ذخائر میں نمایاں خلا پیدا کر دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹریاٹ میزائل کے مجموعی ذخیرے کا 50 فیصد ختم ہوگیا، تھاڈ انٹرسیپٹرز بھی نصف سے زائد استعمال ہو چکے ہیں، پریسیژن سٹرائیک میزائلز کا 45 فیصد سے زائد ذخیرہ استعمال ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق میزائل کے بڑے پیمانے پر استعمال نے امریکی دفاعی تیاریوں پر سوالات اٹھا دیئے ہیں جبکہ مستقبل میں کسی ممکنہ تنازع کے لئے اسلحہ کی دستیابی ایک اہم چیلنج بن سکتی ہے۔