سعودی عرب کا ایران کو مزید وقت دینے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم
ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب نے ایران کو معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید وقت دینے کے امریکی صدر کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں استحکام کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے کہا کہ ایران کو مذاکرات اور معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید وقت دینے کے فیصلے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی اور علاقائی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل میں توسیع آبنائے ہرمز میں شپنگ سیکیورٹی کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے آبنائے ہرمز میں سلامتی کی بحالی کے لیے امریکی اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران کشیدگی میں کمی اور خطے میں استحکام کے لیے ثالثی کی کوششوں پر جلد مثبت ردعمل دے گا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ دشمن کی ظاہر اور خفیہ سرگرمیوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ نئی جنگ کی تلاش میں ہے۔