غیر قانونی اعضا فروشی کا نیٹ ورک بے نقاب، اہم ڈاکٹر گرفتار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد زون کی کارروائی، غیر قانونی اعضا فروشی کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث اہم ڈاکٹر اور گردوں کی غیر قانونی خرید و فروخت اور پیوندکاری میں ملوث مبینہ گروہ کے 9 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ہونے والے ملزمان میں ایک معروف یورولوجسٹ اور نجی ہسپتال کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔

گردہ سمگلنگ سکینڈل کی تحقیقات کے دوران ایف آئی اے ٹیم نے ایک نجی ہسپتال پر چھاپہ مارا، نجی ہسپتال میں غیر قانونی طور پر گردے نکالنے کے آپریشن کیے جا رہے تھے۔

کارروائی کے دوران متعلقہ ڈاکٹر اور ہسپتال ملازم کو گرفتار کر لیا گیا، ایف آئی اے حکام نے موقع پر موجود کئی افراد کو بھی حراست میں لیا۔

مشتبہ افراد کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے دفتر منتقل کر دیا گیا، حکام کے مطابق نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں