امریکا اور کیوبا کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافہ، راول کاسترو پر فردِ جرم عائد
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا اور کیوبا کے درمیان تعلقات میں ایک نئی کشیدگی سامنے آئی ہے، جہاں سابق کیوبن صدر راول کاستروپر پر امریکی عدالت میں قتل اور دیگر سنگین الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے راول کاسترو پر امریکی شہریوں کے قتل کی سازش، قتل اور طیاروں کی تباہی سے متعلق الزامات عائد کیے ہیں۔ یہ مقدمہ 1996 میں "برادرز ٹو دی ریسکیو" گروپ کے دو طیاروں کو مار گرانے کے واقعے سے جوڑا جا رہا ہے، جس میں چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اطلاعات کے مطابق میامی کی وفاقی عدالت میں دائر مقدمے میں مزید پانچ افراد کو بھی شریکِ جرم نامزد کیا گیا ہے، جس سے واشنگٹن اور ہوانا کے درمیان سفارتی تناؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
کیوبا کی جانب سے اس معاملے پر ردعمل سامنے آنا ابھی باقی ہے، جبکہ مبصرین اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم موڑ قرار دے رہے ہیں۔