ایران کا جوابی وار، امریکی فضائی اڈے پر حملے کا دعویٰ

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی شہر بندر عباس پورٹ کے قریب امریکی فضائی حملوں کے بعد ایران نے جوابی کارروائی شروع کر دی۔

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں ایک امریکی فضائی اڈے پر حملہ کیا گیا، اس امریکی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے ایران پر حملے کئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن جان لے کہ جارحیت کا جواب ضرور دیا جائے گا، امریکا نے اگر دوبارہ حملہ کیا تو ہمارا رد عمل زیادہ فیصلہ کن ہوگا، نتائج کی ذمہ داری جارح فریق پر ہوگی۔

پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا تھا کہ 3 جہازوں کو آبنائے ہرمز میں داخلے سے روکا ہے۔

ادھر برطانوی نشریاتی ادارے نے ایرانی قونصل خانے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے امریکی آئل ٹینکر پر فائرنگ کر کے اسے واپس جانے پر مجبور کر دیا، امریکی آئل ٹینکر اپنا ریڈار بند کر کے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

دوسری جانب عرب ٹی وی کے مطابق امریکا کی جانب سے 3 ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران پر ایک ہفتے میں امریکا نے دوسری بار فضائی حملے کر دیئے، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، حملے کا مقصد امریکی افواج اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو لاحق خطرہ ختم کرنا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں