خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار اسرائیل ہے، ایرانی صدر
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے میں عدم استحکام کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پزشکیان نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کا خواہش مند نہیں۔
مسعود پزشکیان نے امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ذلت کے ساتھ سفارت کاری نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم دنیا کی سب سے طاقتور قوت کے سامنے کھڑے ہیں تو ہمیں مشکلات کو بھی قبول کرنا ہوگا، ہم لڑائی بھی کریں اور یہ توقع بھی رکھیں کہ حالات پہلے کی طرح معمول پر رہیں، یہ ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر کے حالیہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق مذاکرات پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔