پوتن نے زیلنسکی سے ملاقات کا امکان مسترد کر دیا

سینٹ پیٹرزبرگ: (شاہد گھمن) روسی صدر پوتن نے کہا ہے کہ وہ فی الحال یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کا کوئی جواز نہیں دیکھتے۔

سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم (SPIEF) کے مرکزی پلینری اجلاس کے دوران صدر پوتن سے زیلنسکی کے حالیہ خط کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے براہِ راست خط کے مصنف کو جواب دینے کے بجائے روسی فوجیوں کو مخاطب کیا۔

صدر پوتن نے کہا کہ ’’پوری قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے اور آپ سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے، کام جاری رکھو بھائیو۔‘‘

بعد ازاں جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ خط کے مصنف یعنی زیلنسکی سے ملاقات کا ارادہ نہیں رکھتے تو روسی صدر نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا فی الحال میں اس کی کوئی ضرورت نہیں دیکھتا۔

صدر پوتن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں یوکرین کی جانب سے مذاکرات اور ممکنہ ملاقات سے متعلق مختلف بیانات سامنے آئے ہیں، کریملن اس سے قبل بھی کہہ چکا ہے کہ کسی بھی ممکنہ مذاکرات کے لیے مناسب حالات اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔

پوتن کا یہ بیان فورم کے دوران بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا اور اسے روس۔یوکرین تنازع کے تناظر میں ایک اہم سیاسی اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں