ایران کا تیل پابندیوں کے خاتمے اور کرنسی میں بہتری کی امید کا اظہار
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی وزیر خزانہ سید علی مدنی زادہ نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کے نتیجے میں تیل پر عائد پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔
ایرانی وزیر خزانہ سید علی مدنی زادہ نے کہا کہ تیل پر عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد ایران اپنی خام تیل کی پیداوار اور فروخت بغیر کسی پابندی کے کرسکے گا، اس سے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، بجٹ خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی اور قومی کرنسی کی قدر میں بہتری آئے گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی مدنی زادہ نے کہا یہ معاہدہ غیر تیل برآمدات اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا، معاہدے کے ساتھ تیل سے متعلق پابندیاں ختم ہو گئی ہیں اور ہم اپنا تیل بغیر کسی رکاوٹ کے فروخت کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حاصل ہونے والا زرمبادلہ ملک میں واپس لایا جا سکے گا، تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی اضافی آمدن بجٹ خسارے سے متعلق خدشات کے ایک بڑے حصے کو دور کرنے میں مدد دے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی فنڈز کی ریلیز سے مرکزی بینک کو سہولت ملے گی جس کے معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔