اماراتی حکام کا بے بی سلیپ گرائپ واٹر کے مخصوص بیچ کا استعمال فوری روکنے کا حکم

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں بچوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر متعلقہ حکام نے بچوں کی نیند اور پیٹ کی تکالیف کے لیے استعمال ہونے والی ایک مخصوص مصنوعات کی کھیپ مارکیٹ سے واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے، حکام نے والدین کو متاثرہ مصنوعات کا استعمال فوری طور پر روکنے اور اسے خریدنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خلیج ٹائمز کی 29 اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق امارات ڈرگ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری حفاظتی نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ بے بیز میجک ٹی، بے بی سلیپ گرائپ واٹر کی جانچ کے دوران ایسے الکحل اجزا کی موجودگی سامنے آئی جو مصنوعات کے لیبل پر ظاہر نہیں کیے گئے تھے، اس صورتحال کے بعد بچوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ کھیپ واپس منگوانے کی کارروائی شروع کی گئی۔

حکام کے مطابق حفاظتی کارروائی کا تعلق بیچ نمبر بی ڈبلیو 25122 سے ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ مارکیٹ میں دستیاب تمام گرائپ واٹر مصنوعات غیر محفوظ قرار دی گئی ہیں، والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاس موجود بوتل کے لیبل اور بیچ نمبر کو احتیاط سے چیک کریں اور متاثرہ کھیپ کی مصنوعات بچوں کو ہرگز استعمال نہ کروائیں۔

بچوں کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات میں اجزا کی مکمل اور درست نشاندہی انتہائی اہم ہے، کیونکہ والدین مصنوعات کی حفاظت اور استعمال سے متعلق فیصلے لیبل پر درج معلومات کی بنیاد پر کرتے ہیں، غیر ظاہر شدہ اجزا کی موجودگی بچوں کی صحت کے حوالے سے تشویش پیدا کر سکتی ہے۔

متاثرہ مصنوعات پہلے ہی استعمال کرائے جانے کی صورت میں والدین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ بچے کی صحت سے متعلق کسی بھی تشویش یا غیر معمولی علامت پر مستند ڈاکٹر سے رابطہ کریں، حکام کی یہ کارروائی بچوں کے لیے فروخت ہونے والی مصنوعات کے معیار اور صارفین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا حصہ ہے۔

امریکی ادارہ برائے خوراک و ادویات کی جانچ میں اسی کھیپ کے اندر ایتھانول، میتھانول اور آئسوپروپانول کی موجودگی کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مصنوعات کے لیے مؤثر مارکیٹنگ اجازت نامہ نہ ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ان اجزا کی موجودگی بچوں میں غنودگی، قے اور دیگر سنگین طبی مسائل کا خطرہ پیدا کر سکتی ہے، اگرچہ متعلقہ کھیپ سے منسلک مضر اثرات کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...